ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / صدر کے خطاب کے درمیان کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کا ہنگامہ

صدر کے خطاب کے درمیان کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کا ہنگامہ

Fri, 29 Jan 2021 23:27:21    S.O. News Service

نئی دہلی،29؍جنوری(ایس او نیوز؍یو این آئی) اپوزیشن جماعتوں کے بائیکاٹ کے درمیان صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند کے پارلیمنٹ کے مرکزی ہال میں مشترکہ ایوان سے خطاب کرنے کے دوران جمعہ کو کانگریس کے لوک سبھا ممبر رونیت سنگھ بٹو نے ہنگامہ کیا اور زراعت سے متعلق تینوں قانون واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

مرکزی ہال میں اپوزیشن جماعتوں کے خطاب کے بائیکاٹ کے سبب بڑی تعداد میں سیٹیں خالی رہیں۔ مرکزی ہال کے پیچھے کی ایک سیٹ پر بیٹھے بٹو کافی دیر تک خطاب سنتے رہے لیکن جیسے ہی کسانوں کا معاملہ آیا اور کووند نے زراعت سے متعلق حکومت کی حصولیابیوں کو شمارکرنا شروع کیا تو لال رنگ کی جیکٹ پہنے بٹو سیٹ سے اٹھ کر’جئے جوان جئے کسان‘کا نعرہ لگانے لگے۔

بٹو نے جئے جوان جئے کسان کا نعرہ لگانے کے ساتھ ہی کووند سے درخواست کی کہ کسانوں کی حالت بہت خراب ہے۔ زراعت سے متعلق تینوں قانون کسان مخالف ہیں اور انہیں واپس لیا جانا چاہیے۔ بٹو کی رکاوٹ کے باوجود صدر کا خطاب جاری رہا اور ایوان میں بیٹھے بیشتر ممبران نے ہنگامہ کررہے ممبر کی طرف دیکھا تک نہیں۔ اسی درمیان کئی سکیورٹی اہلکار ان کے نزدیک آگئے لیکن بٹو جئے جوان جئے کسان کا نعرہ لگاتے ہوئے خود ہی ایوان سے باہر چلے گئے۔

اس سے قبل مرکزی ہال کے باہر سے بھی نعرے کی آواز آئی تو سکیورٹی اہلکاروں نے فوری گیٹ بند کردیا جس کے سبب اندریہ سنائی نہیں دیا کہ کیا نعرے لگائے جارہے تھے۔ نعرے بازی کافی دیر تک چلی لیکن اس کے سبب خطاب میں کوئی رکاوٹ پیدانہیں ہوئی۔


Share: